اسلام آباد(آن لائن+صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے سابق صدرمملکت آصف علی زرداری کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت آصف علی زرداری کی زندگی سے نہ کھیلے،ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق سابق صدر کو فوری طور پراسپتال منتقل کیا جائے۔ اپنے بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عدالت کو چاہیے کہ وہ سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت کا نوٹس لے کیونکہ سلیکٹڈ وزیراعظم اپنی روح کی تسکین کے لیے سیاسی انتقام کی نئی روایات قائم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت نہیں بے نامی آمریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ بلاول خاموش ہو جائے۔ کٹھ پتلی وزیراعظم کان کھول کر سن لیں بلاول زرداری اب خاموش نہیں ہوں گے۔ آصف علی زرداری کے لیے مشکلات نئی نہیں ہیں۔ آصف علی زرداری کل بھی جمہوریت دشمنوں کی آنکھ میں کانٹے کی طرح چبھ رہے تھے اور آج بھی جمہوریت دشمنوں کے سامنے آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔علاوہ ازیں سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے آصف علی زرداری کی ناساز طبیعت پر ڈاکٹروں کی تجویز پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو ڈاکٹرز کی تجویز کے مطابق فوری اسپتال منتقل کیا جائے۔ منگل کو نیر بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ حکمران سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل کرنے سے باز رہیں ،آصف زرداری بحیثیت شہری بنیادی حقوق کے برابر حقدار ہیں۔