جماعت اسلامی کا 78 واں یوم تاسیس زمین پر اللہ کے نظام کے غلبے کیلیے کوشاں ہیں،سراج الحق

275
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق تیمرگرہ میں جماعت اسلامی کے 78ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق تیمرگرہ میں جماعت اسلامی کے 78ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ خصوصی) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے تیمرگرہ،جندول اورمیدان میںیوم تاسیس کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے غلبے اور خصوصاً پاکستان میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی، جماعت اسلامی77 سال سے جمہوری جدوجہد کے ذریعے فرد اور معاشرے کی اصلاح کا کام کررہی ہے ۔ہم بے لاگ اور یکساں احتساب پر یقین رکھتے ہیں۔عدالتی اور احتسابی نظام زور آور کے سامنے بے بس اور بے بس کے لیے طاقتور ہوتا ہے ۔احتساب کا نظام لائیک اور ڈس لائیک کی بنیاد پر نہیں چل سکتا ۔نیب چند خاندانوں کے مقدمات کو لے کر بیٹھا ہوا ہے جبکہ پاناما 436لوگوں کو آج تک نہیں بلایا گیا۔بڑے بڑے مناصب پر فائز رہنے والے ارب پتی ملک سے بھاگ گئے ہیں انہیں پکڑنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ ان مناصب سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کو پکڑانہیں گیا،صرف غل غپاڑہ اور شور شرابا ہے ۔ٹویٹس کے ذریعے نظام چلایا جارہا ہے ۔بھارت کشمیر میں غیر انسانی ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ جماعت اسلامی 26 اگست 1941) ء( کو اس عظیم مقصد کے لیے بنی تھی کہ دنیا میں پھیلائے جانے والے بے بنیاد نظریات کا دلائل کی بنیاد پر مقابلہ کیا جائے ۔ بانی جماعت اسلامی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو اقامت دین کا راستہ دکھایا اور اسلام کے خوبصورت چہرے پر جو گردو غبار چھا گیا تھا اسے صاف کیا۔ اسلام کو محض عبادات اور رسومات کا مذہب بنا دیا گیا تھا ، سید مودودی نے اپنے انقلابی لٹریچر کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ اسلام امن ، حقیقی ترقی اور عدل اجتماعی کا ضامن ہے ۔ جماعت اسلامی کی 77 سالہ جدوجہدملک میں عوام کے حقوق کے تحفظ اور غیر اسلامی و غیر جمہوری نظریات کے مقابلے میں شاندار کامیابیوں کی حامل ہے ۔ جماعت اسلامی کے قیام کے وقت دنیا میں کمیونزم کا غلغلہ تھا لیکن سید مودودیؒ نے دلائل اور فکری بنیاد پر ثابت کیا کہ انسان کی حقیقی فلاح کی ضمانت صرف اسلامی نظام زندگی میں ہے ۔ جماعت اسلامی جمہوری جدوجہد کے ذریعے فرد اور معاشرے کی اصلاح کے اس مقصد کے حصول کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر میں گزشتہ20دن سے کرفیو نافذ ہے جس کے باعث وہاں کے لوگ گھروں میں محصور ہیں اوران کو پانی مل رہا ہے نہ ہی خوراک،بھارت کے انتہا پسند متعصب ہندوئوں نے اعلان کیا ہے کہ بھارت میں جتنی بھی مساجد موجودہیں ان کو مسمار کرکے ان کی جگہ مندر بنائے جائیںگے ۔مودی کی اس انتہا پسندی کا خاتمہ ضروری ہے اگر دنیا نے فوری اس طرف توجہ نہ دی تو کشمیر میں بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی وہ مذہبی اور سیاسی جماعت ہے جس کے کارکن سے لے کر اعلیٰ قیادت تک تمام ذمے داران اپنے آپ کو اللہ اور عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جماعت اسلامی کا کوئی بھی فرد نہ نیب زدہ ہے اور نہ ہی کوئی اور بد نما داغ ان کے دامن پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں2 ارب کے قریب مسلمان آبادہیں اور دنیا کے 8بڑے سمندروں پر ان کا قبضہ ہے دنیا کے وسائل کا بڑاحصہ بھی مسلمانوں کے پاس ہے لیکن اس کے باوجود آج مسلمان ہی دنیا کی وہ بد قسمت قوم ہے جو ہر طرف ظلم کا شکار ہے اس کی اصل وجہ مسلمانوں کی اسلام سے دوری اور باہمی انتشار ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان انتہائی مشکل وقت سے گزر رہا ہے ۔ ایک طرف افغانستان بدامنی ہے اوردوسری طرف کشمیر میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے جبکہ ہمارے حکمران ان سنگین حالات کے مقابلے کی بجائے آپس میں دست وگریباں ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بنتے وقت ہماری ترقی کی شرح5.7 فیصد تھی جوکم ہوکر3.5فیصد پر آگئی ہے ۔یہ پوری قوم کے لیے لمحہ فکر ہے،ورلڈ بینک نے یہ نوید بھی سنائی ہے کہ2020ء میں پاکستانی معیشت کی صورتحال مزید ابتر ہوگی اور ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا ایک نیا طوفان آئے گا جو کہ پاکستان کے غریب عوام کو مزید فاقوں پر مجبور کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں ڈالر کی اڑان تیزی سے جاری ہے اور ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہا ہے جبکہ دوسری طرف شرح سود 13فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے عوام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ اسلام پسندوں کا ساتھ دیا ہے اور توقع ہے کہ وہ اپنے اس رشتے کو مزید مضبوط بنائیں گے۔دریں اثنا یوم تاسیس کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے گجرات ، مرکزی نائب امیر میاں محمد اسلم نے اسلام آباد، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے لاہور ، امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی اور بشیر احمد ماندئی نے نصیر آباد اور جعفر آباداور ہدایت الرحمن نے لورا لائی میں خطاب کیا ۔

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کا 78 واں یوم تاسیس ملک بھر کی طرح باب الاسلام سندھ میں بھی کراچی تا کشمور بڑے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ صوبائی اعلامیے کے مطابق اس حوالے سے کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، شکار پور، شہداد کوٹ، میرپور خاص سمیت چھوٹے بڑے مقامات پر جلسے، مذاکرے، سیمینارز، اجتماعات اور دیگر پروگرامات کا انعقاد کیا گیا۔ جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی و صوبائی قائدین کے علاوہ مختلف سیاسی، سماجی رہنماؤں ، دانشوروں اور مقامی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے جماعت اسلامی کی 77سالہ سیاسی، دینی، تنظیمی، سماجی و پارلیمانی جدوجہد پر اظہار خیال کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی و سیاسی جماعت ہے جو کہ موروثی سیاست سے پاک اور کسی خاندان کی جاگیر نہیں ہے۔ مقام سے لے کر مرکزی امیر تک ہر سطح کے انتخابات باقاعدہ ہوتے ہیں۔ کوئی بھی فرد احتساب سے بالاتر نہیں ہے۔ آج تک جماعت اسلامی کے کسی بھی ذمے دار پر کسی قسم کی کرپشن کا الزام نہیں ہے۔ کراچی کے سابق میئر عبدالستار افغانی، سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان اورخیبر پختونخوا حکومت میں 2 مرتبہ وزیر خزانہ رہنے والے موجودہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کردار و کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے۔ جماعت اسلامی ایک فکری، علمی اور انقلابی جماعت ہے۔ جو قیام پاکستان سے لے کر اب تک ملک میں اسلامی نظام کے لیے کوشاں ہے۔ یوم تاسیس کے حوالے سے جماعت اسلامی کے مقامی دفتر میں پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔یاد رہے کہ قیام پاکستان سے قبل 26اگست 1941کو75افرادکے ساتھ مفکراسلام سیدابولاعلیٰ مودودیؒ کی سربراہی میں جماعت اسلامی کا قیام عمل میں لایاگیاجوآج دنیا بھر میں ایک عالمگیرتحریک کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ مرکزی نائب امیر و سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے شکار پور میں یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ملک کے دستور کی بالا دستی اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے، جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو کرپشن سے پاک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ بیانات سے نہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد سے حل ہوگا۔مرکزی نائب امیر و سابق سینیٹر پروفیسر محمد ابراہیم نے سکھر میں یوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ مولانامودودیؒ کے لٹریچر نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو نشاۃ ثانیہ کی طرف رجوع کرنے کا عزم اور حوصلہ دیا، جب سیکولرازم، لبرل ازم، اور سرخ انقلاب کا چرچا تھا اور اسلام مظلوم ومقہور تھا اس وقت مولانا مودودیؒ نے اپنے لٹریچر کے ذریعے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونک دی اور دنیا بھر میں اسلام کو نافذ کرنے کے لیے نئی تحریکیں وجود میں آئیں اور باطل کو دفاعی پوزیشن اختیار کرنے پر مجبور کردیا۔ مرکزی نائب امیر و سابق ایم این اے ڈاکٹر فرید پراچہ نے حیدرآباد میںیوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جماعت اسلامی کا یوم تاسیس کے ساتھ یوم عزم بھی ہے،تمام طبقات کو اسلامی ریاست اور اقامت دین کا تصور دینے کے لیے جماعت اسلامی کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے قبا آڈیٹوریم کراچی میں یوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی غلبہ دین کی جدوجہد کے لیے قائم کی گئی، جماعت اسلامی اور مولانا مودودیؒ نے جہاد کو ازسرنو زندہ کیا، یکم ستمبر کو کراچی میں آزادی کشمیر مارچ دنیا کی سب سے بڑی اور تاریخی ریلی ہوگی جس میں عوام بھرپور شرکت کرکے اپنے جذبات کا اظہار کریں گے۔ صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے لاڑکانہ، صوبائی نائب امیر ممتاز سہتو نے شہداد کوٹ میں یوم تاسیس کی تقریبات سے خطاب کیا۔
یوم تاسیس