دادو، موٹر سائیکل کی ٹکر کے معمولی تنازع پر مسلح افراد نے گھر کو جلا دیا

124

دادو (نمائندہ جسارت) تھانہ خدا آباد کی حدود گوٹھ مبارک لوند میں موٹر سائیکل کی معمولی ٹکر کے معاملے پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے برکت لوند کے گھر کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں گھر مکمل طور پر خاکستر ہوگیا جبکہ گوٹھ میں فائرنگ سے خوف کی فضا پھیل گئی اور لوگ گھروں کے اندر محصور ہوکر رہ گئے جبکہ مسلح افراد فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ اطلاع کے باوجود آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ اور پولیس جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ سکی۔ تاہم گوٹھ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پاکر مزید گھروں کو آگ کی لپیٹ سے بچالیا۔ دوسری جانب برکت لوند، محرم لوند، غلام حیدر اور حاجی علی لوند کی قیادت میں لوند برادری کے سیکڑوں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ اتفاقیہ طور پر موٹر سائیکل کے معمولی ٹکر کے سبب رودنانی برادری کے مسلح افراد عابد علی رودنانی، عبدالخالق، دھنی بخش اور شاہ محمد نے برکت لوند کے گھر کو آگ لگا دی اور گوٹھ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ایچ او خدا آباد نے ملزموں سے بھاری رشوت لی ہے، جس کی وجہ سے وہ مقدمہ درج نہیں کررہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی دادو سے مطالبہ کیا کہ ملوث افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔