بھارت نے کشمیریوں میں ڈریکولا قوانین نافذ کردیئے،شاہ محمود قریشی

245
روس کے ساتھ توانائی تعاون بڑھانا ایک ترجیح ہے،شاہ محمودقریشی 

اسلام آباد(خبرایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں ڈریکو لائی قوانین لاگو کردیے ہیں،آزادی اظہار رائے کو یرغمال بنادیا گیا ، مقبوضہ وادی میں ہر دروازے کے باہر ایک بھارتی فوجی کھڑا ہے، یہ ہٹلر کے دور کی کہانی نہیں ہے بلکہ کشمیر میں بھارت کی درندگی ہے ۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچوں سمیت ہزاروں لوگوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، خواتین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے،22 دن سے وادی میں غیرقانونی کرفیو ہے، کشمیر ایک عالمی حل طلب مسئلہ ہے جسے مودی تبدیل کرنا چاہتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ وادی سے انتہائی تشویشناک اطلاعات موصول ہورہی ہیں، بھارت ایک چال چل رہاتھا۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر یوسف بن احمد اور ترک ہم منصب میولود چاوش اوغلوسے ٹیلی فونک رابطہ کرکے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مسلسل کرفیو اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔