پشاور (آئی این پی) سی سی پی او پشاور کریم خان نے عوام اور تاجروں کی شکایات پر ضلع خیبر کی تورخم سے تختہ بیگ تک تمام چوکیاں جو کہ انٹرنیشنل روٹ پر واقع ہیں کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او خیبر محمد حسین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے غیر قانونی ٹیکس وصول کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے تمام چوکیوں کے انچارجوں کو تبدیل کرنے اور ملوث افسران کو لائن حاضر کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے شاہ کس میں ڈی پی او خیبر اور سینئر افسران سے اس معاملے پر میٹنگ کرتے ہوئے مستقبل میں اس قسم کی کوتاہیوں سے بچنے اور تاجروں کو ہر قسم کا ریلیف اور سیکورٹی دینے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کا حکم دیا۔ سی سی پی او کریم خان نے کہا کہ پولیس عوام کی خادم ہے، عوامی شکایات اور مسائل حل کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے عوامی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تمام چوکیوں میں نفری کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ سی سی پی او کریم خان نے عوام اور تاجروں کی جانب سے غیرقانونی ٹیکس وصول کرنے والے اہلکاروں کی شکایات آنے پر گزشتہ روز ضلع خیبر کے تختہ بیگ سے طورخم بارڈر تک تمام چوکیوں کا اچانک دورہ کیا، جس میں تختہ بیگ، جمرود اڈا، بگیاڑی، پڑانگسنگ، زیاڑی، چاروازگئی اور طورخم بارڈر چیک پوسٹیں شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈی پی او خبیر محمد حسین، ڈی ایس پیز اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے غیرقانونی ٹیکس وصول کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے تمام چوکیوں کے انچارجوں کو تبدیل کرنے اور ملوث افسران کو لائن حاضر کرنے کا حکم دیا اور عوام کے مسائل کو بروقت حل کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈی پی او خیبر اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کے دوران عوامی شکایات اور مسائل کے ازالے کے لیے تمام چوکیوں کے انچارجوں کو تبدیل کرتے ہوئے ازسرنو ترتیب دینے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات حل کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہیں جس کے لیے وہ تمام تر موجود وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔