پاکستان پر حملہ ہوا تو خطے کا نقشہ بدل جائیگا،شیخ رشید

383
مظفر آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد جلسے سے خطاب کررہے ہیں
مظفر آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد جلسے سے خطاب کررہے ہیں

مظفر آباد (صباح نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو خطے کا نقشہ بدل جائے گا‘ نازی مودی کے احمقانہ اقدامات بھارت کو لے ڈوبیں گے‘ خطے میں بھارت کی حکمرانی کا خواب کو پاش پاش کردیںگے۔ مظفر آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ا نہوں نے کہا کہ یہ لڑائی پاک بھارت نہیں بلکہ برصغیر کی لڑائی ہوگی‘ بھارت مذہب کی لڑائی لڑ رہا ہے اور مسلمان کی زندگی اور موت اسلام کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ 50 سال میں عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو سلامتی کونسل میں گئے‘ اس حوالے سے سیاسی قیادت ایک صفحے پر ہے‘ مودی کا مقبوضہ کشمیر میں ایجنڈا مکمل نہیں ہوا‘ بھارت آزاد کشمیر پر بھی حملہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے پیٹ پر پتھر باندھ کر ملک کو ایٹمی قوت بنایا‘ پھل جھڑیاں، مرچ مصالحے کوئی شب برأت کے لیے نہیں رکھے‘ میزائل نظام ملکی دفاع کے لیے ہے‘ اصل میں پاکستان بننے کا اب وقت آیا ہے‘ اب پاکستان کی تکمیل ہو گی اور کشمیر پاکستان کے ساتھ ہو گا جو کشمیرکے ساتھ ہوگا وہ اس ملک کا راج کمار ہوگا‘ آج ہم سب مودی کی وجہ سے ایک ہوگئے ہیں‘ ملک کا دفاع ہر قیمت پر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری مسلمانوں کو یرغمال بنا کر وادی پر قبضہ کرنا چاہتا ہے تاہم اس خواب کو پاش پاش کردیں گے‘ نازی مودی کا بھارتی مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کا مذموم منصوبہ سامنے آیا‘ مقبوضہ کشمیر پر قبضہ بھارتی قیادت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے تاہم نازی مودی کے احمقانہ اقدامات بھارت کو لے ڈوبیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو پاکستان اور چین کی دوستی کھٹکتی ہے کیوں کہ جب تک یہ قائم ہے بھارت کبھی سلامتی کونسل کا مستقل رکن نہیں بن سکتا‘ بھارت کے25 اور پاکستان کے 22 کروڑ مسلمان مل کر عظیم پاکستان بنائیں گے۔