وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن کے اعزاز میں استقبالیہ

158

پاکستان مسلم لیگ ن (جدہ) کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت ن لیگ کے (جدہ) کے قائمقام صدر فاروق انجم نے کی۔ تقریب کا آغاز قاری محمد آصف نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ پارٹی کے سینئر رہنما ملک محی الدین نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو شرکا اور منتظمین کی جانب سے حج اور روضہ رسول پر حاضری کی مبارک باد پیش کی۔
تقریب میں نور محمد آرائیں، مدثر کریم اعوان، شکیل عباسی، ملک اظہر الحسن، رانا نواز، احتشام اعوان، میاں نذیر احمد، انجینئر شبیر اعوان، چودھری ریاض گھمن، نور الحسن گجر، ادریس احمد اور دیگر کے علاوہ جدہ میں پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد بھی خصوصی طور پر مدعو تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ میں تمام احباب کا تہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے تقریب کا انعقاد کیا اور مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے صوبے میں تعمیرات کے ساتھ سیاسی حکمت عملی اور بھاشا ڈیم کی تعمیرسے متعلق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خصوصی اقدامات کی تفصیلات بتائیں۔ اس موقع پر انہوں نے موجودہ حکومت کی کشمیر پالیسی پر انتہائی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نہ صرف ناتجربہ کار ہیں بلکہ نا اہل بھی ہیں اور ان کی ناقص خارجہ پالیسیوں کی وجہ سے آج حالات خرابی کی جانب جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ذاتی انتقام سے نکل کر ملکی مفاد اور کشمیریوں کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔ اس موقع پرمسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر چودھری شہباز حسین، کشمیر کمیٹی جدہ کے صدرمسعود احمد پوری اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔