کراچی (نمائندہ جسارت )پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ زرداری نے لاڑکانہ میں ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے رکن سندھ اسمبلی معظم علی خان کو نااہل قرار دے دیا تھا اور سپریم کورٹ آف پاکستان نے حلقہ پی ایس 11 لاڑکانہ میں دوبارہ الیکشن کا حکم دیا تھا۔آصفہ جی ڈے اے کے معظم خان عباسی کے خلاف الیکشن میں حصہ لیں گی۔خیال رہے کہ آصفہ زرداری سیاست میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں اور اس بات کا اعتراف خود آصف علی زرداری نے بھی کیا تھا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے رکنِ سندھ اسمبلی معظم علی کو نااہل قرار دیتے ہوئے پی ایس 11 لاڑکانہ 2 میں دوبارہ الیکشن کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ میں ندا کھوڑو بنام معظم علی انتخابی عذرداری کے کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔عدالت عظمی نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔جسٹس اعجازالاحسن نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کی رہنما ندا کھوڑو کی درخواست منظور کرلی اور سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ایس 11 لاڑکانہ 2 میں انتخاب کروانے کا حکم دیا ہے۔عدالت عظمی نے الیکشن کمیشن کو معظم علی خان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار برائے صوبائی اسمبلی ندا کھوڑونے رکن سندھ اسمبلی معظم علی خان کے خلاف خلاف سپریم کورٹ میں الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ الیکشن ٹربیونل نے معظم علی خان کے خلاف جنوری 2019میں ندا کھوڑو کی درخواست مسترد کردی تھی۔معظم علی خان حلقہ پی ایس 11 لاڑکانہ 2 سے جی ٹی اے کے ٹکٹ پر ممبر سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
آصفہ زرداری