اسلام آباد (صباح نیوز) جمعیت علما اسلام (ف) کی مرکزی مجلس شوریٰ کا 2 روزہ اجلاس امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں ہورہا ہے جس میں پاک بھارت کشیدگی، اسلام آباد بندکرنے اور مسئلہ کشمیر پر پارٹی کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جار ہی ہے، آج اتوارکو فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا۔جے یو آئی نے صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ارکان کے تقرر کو مستردکردیا ، مولانا فضل الرحمن نے شوریٰ اراکین سے اسلام آباد دھرنے کے شیڈول پر مشاورت کی ہے ۔اجلاس میں ملکی سیاسی و مجموعی صورت حال اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غورکیا گیا ،مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اراکین کا تقرر غیر قانونی ہے ایسے فیصلوں سے الیکشن کمیشن آزاد اور غیر جانبدار نہیں رہے گا۔آئین کے اندر اس طرح کے تقرر کی کوئی گنجائش نہیں، چیف الیکشن کمشنر نے ارکان سے حلف نہ لے کر قانون کی پاسداری کی ہے۔