پی ٹی آئی نے بلدیاتی اداروں کو توڑ کر نا انصافی کی،احسن اقبال

236

لاہور(نمائندہ جسارت )پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر احسن اقبال نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے بلدیاتی اداروں کو توڑ کر نا انصافی کی ہے،بلدیاتی اداروں کو ختم کر کے جمہوریت دشمنی کا ثبوت دیاگیا ہے۔لاہور میں میڈ یا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو ختم کرکے پی ٹی آئی نے (ن) لیگ اور پنجاب سے دشمنی کی ہے، پی ٹی آئی اپنے اس اقدام سے پنجاب میں ترقی کو روکنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ10ماہ میں ہر محکمے کا سیکرٹری تبدیل کیا گیا، پورے صوبے میں جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، عدالتی تعطیلات کے بعد امید ہے عدلیہ بلدیاتی اداروں کو بحال کرے گی۔احسن اقبال نے کہا کہ یہ کام اگر( ن ) لیگ نے کیا ہوتا تو 2 دن بعد عدالتی حکم سے ادارے بحال ہو چکے ہوتے۔رول آف لاء کو بحال کرنا چاہیے تاکہ عدلیہ پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔ اعلیٰ عدلیہ سے گزارش کروں گا کہ وہ اس بات کا نوٹس لے۔ انہوںنے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کی جگہ ایڈمنسٹریٹر لگا دیے گئے ہیں جو عوام کی نہیں سنتے نہ ہی ان کو عوامی مسائل سے آگہی ہے۔انہوںنے حکمران جماعت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے پنجاب کو انتقامی سیاست کا نشانہ بنایا ہوا ہے،بلدیاتی نمائندوں کا مینڈیٹ ختم کردیا گیاہے۔پاکستان کی 52 فیصد آبادی کو بلدیاتی اداروں سے محروم کیا گیاہے۔