کوئٹہ، مسلح افراد کی فائرنگ سے ماں کمسن بیٹے سمیت قتل، ملزمان فرار

140

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ کے علاقے سریاب میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ماں کو کمسن بیٹے سمیت قتل کردیا، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سریاب کسٹم کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے خاتون اور اس کے کمسن بچے کو قتل کردیا واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ ماں اور بیٹے کی لاشیں سول اسپتال منتقل کر دی گئیں۔ ایس ایچ او پولیس تھانہ نیو سریاب محمد قاسم رودینی کے مطابق فائرنگ کی وجہ پسند کی شادی ہے، مقتولہ نے پسند کی شادی کر رکھی تھی، پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ بلوچستان کے ضلع بولان میں وین الٹنے کے باعث 2 مسافر جاں بحق، 10 زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق واقعہ ضلع بی بی نانی کے مقام پر پیش آیا جہاں کوئٹہ سے سبی جانے والی وین تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں 2 مسافر جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے۔ ا طلاع ملتے ہی لیویز اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاشوں و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ حادثے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔