منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثناء اللہ کے ریمانڈ میں توسیع

379

انسداد منشیات عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5روز کی توسیع کردی۔

اے این ایف حکام نے سخت سیکیورٹی میں منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو جوڈیشل ریمانڈ کی مدت ختم ہونے کے بعد لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر رانا ثنا اللہ کی اہلیہ سمیت دیگر عزیز، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔

عدالت میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے  پراسیکیوٹر کی جانب سے سیف سٹی کی فوٹیج سی ڈی عدالت میں پیش کی گئی۔اس دوران فاضل جج نے رانا ثناءاللہ کو روسٹرم پر بلایا ۔

عدالت نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی سی ڈیز رانا ثنا اللہ سمیت دیگر ملزمان کو بھی فراہم کر دیں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر اے این ایف حکام کو ہر صورت کیس کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کر دی۔