ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کی تقرری اور الیکشن کو نہیں مانتے،قائمہ کمیٹی

125

آصف باجوہ پر نیب اورایف آئی اے کے کیسز ہیں ،تقرری کی تفصیلی رپورٹ طلب کی جائے ،رکن کمیٹی اقبال محمد علی
ہر میٹنگ میں یہ بات اچھالی جاتی ہے اور بے عزتی کی جاتی ہے ،میرے اوپر کوئی کیسز نہیں ،آصف باجوہ کا کمیٹی کو جواب
اسلام آباد(جسارت نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کااجلاس چیئرمین آغاحسن بلوچ کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کا معاملہ بھی زیر غور آیا،رکن کمیٹی اقبال محمد علی نے ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کی تقرری پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ میں ان کے الیکشن کو الیکشن ہی نہیں مانتا،ان کے اوپر نیب اور ایف آئی اے کے کیسز ہیں ، آصف باجوہ نے کمیٹی کو بتایا کہ جب کوئی استعفیٰ دیتا ہے تو صدر کو اس نشست پر تقرری کرنے کا اختیار ہے ، میرے خلاف نیب اور ایف آئی اے میں کوئی کیس نہیں ہے، ہر میٹنگ میں یہ بات اچھالی جاتی ہے اور بے عزتی کی جاتی ہے ، میرے اوپر کوئی ایف آئی آر نہیں ہے یہ بات غلط فہمی کی بنیاد پر ہوئی ہے ، کمیٹی نے آصف باجوہ کی تقرری آئینی طور پر ہونے اور ان کے الیکشن کے عمل سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی، اقبال محمد علی نے سیف گیمز کے حوالے سے ہاکی کیمپ نہ لگانے کا معاملہ اٹھایا جس پر آصف باجوہ نے کہا کہ سیف گیمز میں ہاکی شامل نہیں ہے ، نیپال کے پاس ہاکی پچ نہیں ہے ، آصف باجوہ نے کہا کہ اسکولوں میں ہاکی کو لازمی کھیل قرار دیا جائے۔