امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے

138

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ امریکی فوج افغانستان سے 15 سے 24 ماہ کے دوران نکل جائے گی۔ افغانستان کی آئندہ حکومت کیلیے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو جانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔اس حوالے سے افغان میڈیا کا دعویٰ ہے کہ کئی ماہ سے جاری امریکی، افغان طالبان مذاکرات بالآخر اختتام پذیر ہوگئے ہیں۔ مذاکرات کامیاب ہوئے اور اس کامیابی میں چین اور پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔ چین اور پاکستان نے ثالثی کا بہترین کردار ادا کیا اور افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کامیاب کروائے۔ اس حوالے سے افغان طالبان نے اعلان کیا ہے کہ معاہدے کے تحت امریکا افغانستان سے اپنی فوج 15 سے 24 ماہ کے دوران نکال لے گا۔جبکہ افغانستان کی آئندہ حکومت کے فیصلے کیلیے موجودہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان باقاعدہ مذاکرات ہوں۔ ان مذاکرات کا جلد آغاز ہو جائے گا۔ افغان امن عمل کو 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات ہونا تھے جو اب مکمل ہو گئے ہیں۔ یوں امریکا کی 18 سالہ افغان جنگ بالآخر اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ مذاکرات کی کامیابی سے متعلق باقاعدہ اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔ جبکہ مذاکرات کا دوسرا مرحلہ افغان طالبان اور موجودہ افغان حکومت کے درمیان ہوگا۔ اس مرحلے میں دونوں فریق مل بیٹھ کر افغانستان کی آئندہ حکومت کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
افغان مذاکرات