لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ عدالتیں غیر سیاسی ہوں گی تو ان کے وقار میں اضافہ ہوگا ، تمام شہریوں کے لیے ایک قانون ہونا ضروری ہے ، نیب قوانین ایسے ہونے چاہئیں کہ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے،نیب قوانین پر کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہیں ملنا چاہیے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سیاسی و غیر سیاسی اور سرکاری و غیر سرکاری تمام پاکستانیوں کے لیے احتساب کا ایک ہی نظام ہونا ضروری ہے ۔ یکساں قوانین اور یکساں احتساب ہی مستحکم نظام کی ضمانت دے سکتاہے ۔ سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ نیب اب تک خود کو غیر جانبدار ثابت کرنے میں ناکام رہاہے ۔ اب تیرا چور مردہ باد میرا چور زندہ باد کے نظام کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا ۔ انہوںنے کہاکہ پاناما کے 436 ملزموں کو ابھی تک پوچھا نہیں گیا اور نیب کے پاس کرپشن کے 150میگاا سکینڈلز کی فائلیں موجود ہیں مگر ملزم آزاد پھر رہے ہیں۔ کرپشن کو جڑوں سے ختم کرنے کے لیے احتساب سب کا اور احتساب بلاامتیاز کے نعرے پر عمل کرنا ہوگا ۔انہوںنے کہاکہ نیب کے پاس یہ اختیار نہیں ہونا چاہیے کہ وہ اربوں کھربوں لوٹنے والوں سے چند کروڑ لے کر انہیں پاک صاف ہونے کا سر ٹیفکیٹ دے کر چھوڑ دے۔