اسلام آباد(جسارت نیوز)قومی ٹیم ورلڈ جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے کل جاپان روانہ ہو گی۔ ایونٹ میں شرکت کرنے والے چاروں کھلاڑی شاندار کارکردگی کیلئے پرامید ہیں۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ چیمپئن شپ 25 اگست سے یکم ستمبر تک جاپان کے دارلحکومت ٹوکیو میں کھیلی جائے گی جس میں مجموعی طور پر 151 ممالک کے 889 کھلاڑی شرکت کرینگے۔ ایونٹ میں میزبان جاپان، برازیل، چین، جرمنی، منگولیا، پرتگال، روس اور جنوبی کوریا سمیت دیگر ملک کے 18 جوڈو کھلاڑی شرکت کرینگے۔ چیمپئن شپ میں 8 رکنی اولمپین ٹیم بھی پہلی مرتبہ شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں چار کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرینگے جن میں دو مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ مردکھلاڑیوں میں شاہ حسین شاہ -100 کلو گرام کیٹگری اور محمد حسنین -66 کلو گرام کیٹگری جبکہ خواتین میں آمنہ طیاڈا -57 کلو گرام اور حمیرا -49 کلو گرام کیٹگری کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ شاہ حسین شاہ اور آمنہ طیاڈا پہلے سے ہی جاپان میں تربیت حاصل کر رہے ہیں اور وہ وہاں سے براہ راست ایونٹ میں شرکت کرینگے جبکہ محمد حسنین اور حمیرا ایونٹ میں شرکت کیلئے 23 اگست کو یہاں سے جاپان کیلئے روانہ ہونگے۔