نوابشاہ، کوئٹہ، لاڑکانہ ( نمائندگان جسارت) مہران ہائی وے پر ٹرک اور موٹر سائیکل میں تصادم، دو افراد ہلاک، تین شدید زخمی، نازک حالت میں اسپتال منتقل۔ مہران ہائی وے دوڑ پر زرداری اسٹاپ پر موٹر سائیکل اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد 65 سالہ صدیق جٹ اور 55 سالہ احمد بگٹی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ تین افراد عمران جٹ، نادر کھوسو، مشتاق شدید زخمی ہوگئے، جن کو نازک حالت میں پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ بلوچستان میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق، پانچ زخمی ہوگئے۔ ضلع پنجگور میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی ہوگیا، لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ جاں بحق اور زخمی شخص شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے جب ان پر فائرنگ کی گئی، مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ضلع دکی میں نانا صاحب زیارت کے قریب گاڑی اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ فیروز خان کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ جعفر آباد میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ چمن شیلا باغ کے قریب گاڑی الٹنے کی وجہ سے چار افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ لاڑکانہ گمبٹ تحصیل کے شہر راضی دیرو بائی پاس پر تیز رفتار کار اور موٹرسائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں اسکول جانے والے موٹر سائیکل سوار گاؤں دلاور کھوڑو کے رہائشی چار طالبعلم بچوں سمیت پانچ افراد جن میں یکم جماعت کے 7 سالہ عادل کھوڑو ان کے بھائی تیسری جماعت کے 9 سالا عزیز، چوتھی جماعت کے 12 سالہ عبداللہ، ان کے چچا زاد بھائی دوسری جماعت کے طالبعلم 9 سالہ عقیل اور موٹر سائیکل سوار نوجوان صابر کھوڑو شدید زخمی ہوئے جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا، پولیس نے پہنچ کر کار تحویل میں لے لی۔ بعد ازاں زخمیوں کو علاج کے لیے لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں انہیں فوری طور پر انہیں علاج فراہم کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق تین بچوں عادل، عزیز، عبداللہ سمیت نوجوان صابر کھوڑو کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ سیہڑ پولیس نے دوران چیکنگ قتل کے مقدمے میں مطلوب دو ملزمان گلزمان عرف ارشاد جونیجو کو پستول اور گولیوں سمیت جبکہ ارشاد جونیجو کو ڈبل بیرل بندوق اور کارتوس سمیت، سچل پولیس نے دوران چیکنگ سنگین نوعیت کے مقدمے میں مطلوب ملزم کاشف بلیدی کو پستول اور گولیوں سمیت، رتو ڈیرو پولیس نے دوران چیکنگ ملزم اعجاز جتوئی کو چرس سمیت، دوران چیکنگ ملزم سجاد تنیو کو چرس سمیت، اللہ آباد پولیس نے دوران چیکنگ عیسائی قبرستان سے ملزم برکت ابڑو کو چرس سمیت، کیٹی ممتاز پولیس نے دوران چیکنگ دادو کینال سے ملزم عباس شیخ کو چرس سمیت، تعلقہ پولیس نے دوران چیکنگ ملزم منور چانڈیو کو چرس سمیت اور یونیورسٹی پولیس نے دوران آریجہ بائی پاس سے ملزم لال ڈنو بلوچ کو بھنگ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کیخلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔