چمن (این این آئی)بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللّٰہ کے سرحدی شہر چمن میں ایک کار پر فائرنگ کے نتیجے میں ماں اور بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ ملزمان قتل کی اس واردات کے بعد باآسانی فرار ہو گئے، جن کی تلاش شروع کر دی گئی ۔ تفصیلات
کے مطابق ماں کے ساتھ قتل ہونے والا بیٹا ایک دن قبل ہی کوئٹہ کی جیل سے رہا ہوا تھا۔لیویز حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ چمن شاہراہ پر چمن کے علاقے بابِ کوڑک کے قریب پیش آیا جہاں کوئٹہ سے آنے والی کار پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خاتون اور اس کا بیٹا جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق شخص کی شناخت جان پوپلزئی کے نام سے ہوئی ہے جو گزشتہ روز کوئٹہ جیل سے رہا ہوا تھا اور والدہ کے ساتھ کار میں افعان شہر قندہار جا رہا تھا۔لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ دہرے قتل کا یہ واقعہ قبائلی دشمنی کا شاخسانہ ہے، جس کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے۔
ماںبیٹا قتل