اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت 27اگست تک ملتوی کردی۔چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل2 رکنی بینچ نے سابق وزیر اعظم کانام ای سی ایل سے نکلوانے کے لیے دائردرخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر راجا پرویز اشرف کی جانب سے فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نیب اور ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ فاروق ایچ نائک نے موقف اختیار کیا کہ راجا پرویز اشرف پاکستان کے سابق وزیر اعظم رہے ہیں، 9 اور 10 ستمبر کو بیرون ملک کانفرنس میں شرکت کے لیے جانا ہے، راجا پرویز اشرف کی ٹکٹ کی کاپی کیس کے ساتھ منسلک ہیں، راجا پرویز اشرف 8 دفعہ بیرون ملک جانے کی اجازت لے کر واپس آئے ہیں ،ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست منظور کی جائے ۔عدالت نے درخواست پر سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی۔