قومی ہاکی اولمپئن ذاکر حسین انتقال کرگئے

146

واہ کینٹ /کراچی (جسارت نیوز، اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی معروف گولڈ میڈلسٹ اولمپئن ذاکر حسین انتقال کرگئے،ان کی نماز جنازمسجد گلشن انور جناح کالونی ،واہ کینٹ میں ادا کی گئی۔1968ء کے میکسیکو سٹی اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ گول کیپر اولمپین ذاکر حسین کی زندگی کا 90 سالہ باب تمام ہوا۔ اولمپین ذاکر حسین نے 1956 ء میلبورن اولمپکس سلور میڈلسٹ، 1968ء میکسیکو سٹی اولمپکس گولڈ میڈلسٹ، 1958 ء ٹوکیو ایشین گیمز گولڈ میڈلسٹ، 1962 ء جکارتہ ایشین گیمز گولڈ میڈلسٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔اقوام عالم میں سبز ہلالی پرچم بلند کرنے والے اولمپین ذاکر حسین دار فانی سے کوچ کرکے اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ مرحوم کے پسماندگان میں 2 بیٹے اور 3 بیٹیاں شامل ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ہاکی اولمپیئن ذاکر حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے اولمپیئن ذاکر حسین کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اولمپیئن ذاکر حسین کی ملکی ہاکی کی ترقی کیلئے خدمات کو ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔