لاہور(نمائندہ جسارت)نیب نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو چودھری شوگرملزکیس میں شامل تفتیش کرلیاہے اور چودھری شوگر مل میں شئیرز اور انوسٹمنٹ سمیت دیگر تفصیلات مانگ لیں ہیں۔ نیب لاہور نے حمزہ شہباز کے خلاف نئی انکوائری کا آغاز کر دیا۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز سے چودھری شوگر مل کے ذریعے بیرون ملک منتقل ہونے والی رقم سے متعلق سوالات کیے گئے ہیں کہ چودھری شوگر مل کی رقم کس اکائونٹ میں آتی تھی؟ الیکشن کمیشن کے روبرو چودھری شوگر مل کے حصص ظاہر نہ کرنے کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ نیب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل، منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بھی انکوائری کر رہا ہے۔ حمزہ شہباز کی آئندہ پیشی پر نیب اپنی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرائے گا۔خیال رہے کہ نیب نے ن لیگی صدر شہباز شریف کو چودھری شوگر ملز کیس میں23 اگست کو طلب کرلیا اور ہدایت کی گئی کہ وہ تمام دستاویزات اور ریکارڈ کے ساتھ تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوں ۔یاد رہے کہ نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور بھتیجے عباس شریف کو گرفتار کیا تھا ، جس کے بعد احتساب عدالت نے گرفتار مریم نواز اور عباس شریف کو21 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایا تھا2008ء میں مریم نواز کے نام پر11 ملین کے شیئر تھے۔ مریم نوازچودھری شوگرملزکی ڈائریکٹرہیں، مریم نوازکے84لاکھ روپے کے شیئر تھے، جو بڑھ کر 41 کروڑ ہوگئے۔