گوادر (نمائندہ جسارت) الخدمت فائونڈیشن پاکستان بھر میں کثیر المقاصد منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ گوادر میں زچہ و بچہ سینٹر، چائلڈ پروٹیکشن سینٹر اور لیب کے قیام کا منصوبہ زیر غور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے جنرل سیکریڑی مشتاق احمد مانگھٹ نے پریس کلب گوادر میں الخدمت فائونڈیشن کے ملک بھر سمیت بلوچستان میں اب تک کے منصوبوں کے بارے میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن گزشتہ 30 برسوں سے ملک بھر میں مختلف شعبوں میں خدمات فراہم کررہی ہے، جس میں قدرتی آفات کے دوران متاثرہ لوگوں کی مدد، تیم بچوں کی پرورش، معذور بچوں کو وہیل چیئرز کی فراہمی، صاف پانی فراہم کرنے کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹس وچائلڈ پروٹیکشن سینٹر کا قیام، صحت اور ایمبولینس سروسز کی فراہمی سمیت دیگر فلاحی اور رفاعی کام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت الخدمت فائونڈیشن کے تحت ملک بھر میں قائم آغوش سینٹر میں 13 ہزار سے زائد بچوں کی کفالت کی جارہی ہے، یتیم بچوں کی پرورش کا یہ کام نہ صرف پاکستان تک محدود ہے بلکہ ترکی میں بھی الخدمت فائونڈیشن کے تحت قائم آغوش سینٹر میں شام کے یتیم بچوں کی بھی پرورش کا فریضہ سر انجام دیا جارہا ہے جبکہ ملک بھر میں ناگہانی صورتحال کے پیش نظر متاثرہ لوگوں تک ریلیف پہنچانے کے لیے الخدمت فائونڈیشن پیش پیش ہے۔ کیچ اور حب میں سیلاب کی صورتحال کے دوران متاثرہ لوگوں کو بروقت ریلیف فراہم کی گئی ہے جبکہ اسکول سے باہر رہنے والے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن سینٹر میں تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ اس وقت بلوچستان میں اس قسم کے دو سینٹر فعال ہیں، جس میں ایک حب اور ایک کوئٹہ میں کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عید قربان کے موقع پر 7 سو گائے کی قربانی کی گئی جن کا گوشت براہ راست فقرا اور غریب لوگوں میں تقسیم کیا گیا۔ آواران میں 65 کے قریب یتیم بچوں کی پرورش الخدمت فائونڈیشن کررہی ہے۔ گوادر میں 150 معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ مکران میں 27 کے قر یب صاف پانی کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ گوادر شہر میں الخدمت فائونڈیشن نے ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ قائم کیا ہے، جس سے لاکھوں شہری صاف پانی سے استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن ملک بھر میں یتیم بچوں کی مائوں کو مالی مدد فراہم کررہی ہے تاکہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت اپنے زیر کفالت بچوںکی پرورش کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن گوادر میں اپنے منصوبوں میں اضافے پر غور کررہی ہے، جس کے تحت گوادر میں پہلے سے موجود ایمبولینس سروس کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ گوادر میں زچہ و بچہ سینٹر، چائلڈ پروٹیکشن سینٹر اور ڈائیگنوسٹک سینٹر کے قیام کے منصوبے زیر غور ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن، الخدمت فائونڈیشن کے شعبہ صحت کے ذمے دار سفیان احمد، مکران کے صدر عبدالوہاب، جنرل سیکرٹری غلام اعظم دشتی اور گوادر کے صدر نادل علی صالح بھی موجود تھے۔