سکھر(آن لائن) سلامتی کونسل کا فرض ہے کہ پاکستان کے خدشات کو دیکھے ،جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ، جنگ سے قومیں تباہ ہو جاتی ہیں ۔پاکستان ایٹمی قوت ہے بھارت کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ۔ان خیالات کا اظہار خورشید شاہ نے ہفتے کے روز سکھر میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج بنگلا دیش کی معیشت بھی پاکستان سے بہتر ہے اور ہمیں اب اپنی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے ہوں گے ۔ بھارت کو معلوم ہے کہ پاکستان میں سیاسی جنگ چل رہی ہے ۔ عمران خان بھی ابھی تک کنٹینر پر بیٹھے ہیں لیکن ہم نے جمہوریت کی خاطر اسمبلی جانے کا فیصلہ کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ سلامتی کونسل کا فرض ہے کہ پاکستان کے خدشات کو دیکھے کیونکہ جنگ مسائل کا حل نہیں ہے بلکہ جنگ سے قومیں نیست و نابود ہو جاتی ہیں ۔ پاکستان ہماری پہچان اور ہماری چھاؤں ہے ہم اپنی جنگ لڑیں گے ، بھارت نے اگر کوئی شوق پورا کرنا ہے تو کر لے ہم بھی تیار ہیں ۔