بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز، لارا اور ساروان تیاری کیلئے ویسٹ انڈین بلے بازوں کو بیٹنگ گر سکھائیں گے

198

اینٹی گووا(جسارت نیوز) سابق ویسٹ انڈین بلے باز برائن لارا اور رامنریش ساروان بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے سلسلے میں ویسٹ انڈین بلے بازوں کو بیٹنگ گر سکھائیں گے۔ ویسٹ انڈیز اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 22 اگست سے ہو گا۔ اس سے قبل کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز بھارت کے نام رہی تھی۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز ڈائریکٹر آف کرکٹ جمی ایڈمز نے بیان میں کہا کہ ہمارے پاس کئی باصلاحیت نوجوان بلے باز ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ان کے کھیل میں مزید نکھار آئے تاکہ وہ ویسٹ انڈیز کرکٹ کے مستقبل کو مضبوط بنا سکیں اسی حوالے سے ہم نے بھارت کے خلاف سیریز کی تیاری کے سلسلے میں پری سیزن کیمپ کیلئے برائن لارا اور ساروان کی خدمات حاصل کی ہیں جو کہ بلے بازوں کو بیٹنگ تکنیکس بہتر بنانے میں مدد فراہم کریں گے۔