لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) زبردستی طلاق دلوا کر رشتہ ختم کیوں کروایا، سابقہ داماد نے والد اور ساتھیوں کی مدد سے مبینہ طور پر سسرال میں حملہ کر کے اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے نیند میں سوئے ہوئے سسر، ساس، دو سالوں کو موقع پر قتل کردیا جبکہ فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا، ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ لاشوں اور زخمی کو پولیس نے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات پہنچایا، واقعے کا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت 7 ملزمان کیخلاف درج، کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ لاڑکانہ شہر کے ولید تھانہ کی حدود گنجان آباد علاقہ یار محمد کالونی میں مسلح افراد کی گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نیند میں سوئے ہوئے ایک ہی خاندان کے چار افراد قتل ہوگئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا، مرنے والوں میں ولی محمد جتوئی، اس کی اہلیہ مسمات حاجراں، بیٹا ندیم اور علی مراد شامل ہیں جبکہ ایک نوجوان گلزار جتوئی زخمی ہوگیا، ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد باآسانی فرار ہوگئے۔ فائرنگ کی آواز سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع پر متعلقہ تھانہ کی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی کو اسپتال پہنچایا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی گئیں۔ دوسری جانب مقتول ولی محمد کے بھائی امیر علی کی مدعیت میں 7 ملزمان نصیر گاڈہی، ان کے بیٹوں بھورو، گل، احمد علی، چکو اور دو نامعلوم ملزمان کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، تاہم پولیس کی جانب سے کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔