سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں طے کیا گیاہے کہ جماعت اسلامی پاکستا ن آزادیٔ کشمیر کی خاطر حکومت کے ہر قدم میں اس کے ساتھ کھڑی رہے گی ۔ اس نازک موقع پر کسی بھی قسم کے سیاسی اختلافات کے بجائے کشمیریوں کی جان ، مال ، عز ت و آبرو اور ان کی آزادی کا تحفظ ہی قابل ترجیح ہونا چاہیے ۔
امیر العظیم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے وزیر خارجہ کی سربراہی میں قائم شدہ کمیٹی میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی شمولیت کی دعوت پر ان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ جماعت اسلامی واضح کرتی ہے کہ یہ حکومت کے مختلف سرکاری مناصب پر مشتمل ایک حکومتی کمیٹی ہے جس کی اپنی جگہ ایک ضرورت بھی ہے اس کمیٹی کی سرکاری حیثیت کو برقرار رہنا چاہیے ، لہٰذا جماعت اسلامی اس کمیٹی میں شرکت کے بجائے سینیٹ اور پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹیوں میں شریک ہو کر اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی ۔ جماعت اسلامی وزیر خارجہ کی حکومتی کمیٹی کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل کی خاطر اٹھائے جانے والے اقدامات کی بھر پور تائید و حمایت کرے گی ۔