واشنگٹن (جسارت نیوز) نائومی اوساکا، سوتیلانا کزنٹسوا، سوفیا کینن اور میڈیسن کیز پیش قدمی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سنسناٹی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ سیموناہالپ ایلینا سویٹولینا اور سیلونی سٹیفنز پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ جمعہ کو امریکا میں ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز پری کوارٹر رائونڈ میچز میں جاپانی کھلاڑی نائومی اوساکا نے سخت مقابلے کے بعد تائیواں کی ہش سو وائی کو 7-6(7-3)، 5-7 اور 6-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ روسی کھلاڑی کزنٹسوا بھی پری کوارٹر فائنل آزمائش میں سرخرو رہیں، انہوں نے امریکا کی سیلونی سٹیفنز کو ا سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-2 سے اپ سیٹ شکست دیکر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ ایک اور میچ میں امریکا کی سوفیا کینن نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے یوکرائن کی ایلینا سویٹولینا کو ٹائی بریک پر 6-3 اور 7-6(7-3) کی شکست فاش سے دوچار کیا۔ امریکن کھلاڑی میڈیسن کیز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رومانیہ کی سیمونا ہالپ کو 6-1، 3-6 اور 7-5 سے شکست دیکر ایونٹ کے ٹاپ8 کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ واضح رہے کہ کوارٹر فائنل رائونڈ میں میڈیسن کیز کا مقابلہ ہم وطن سابق عالمی چیمپئن وینس ولیمز سے ہوگا۔