واشنگٹن (جسارت نیوز) سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ، لیوکاس پائولی اور آندرے روبلو فتوحات برقرار رکھتے ہوئے سنسناٹی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے جبکہ سوئس ا سٹار اور ایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ کھلاڑی راجر فیڈرر پری کوارٹر فائنل میں اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے با ہر ہوگئے۔ گزشتہ روز امریکا میں ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل رائونڈ میچز میں نوویک جوکووچ نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ہسپانوی کھلاڑی باٹسٹا ایگٹ کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، فرانسیسی کھلاڑی لیوکاس پائولی نے سخت مقابلے کے بعد روسی کھلاڑی کیرن خچانووف کو 6-7(3-7)، 6-4 اور 6-2 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایک اور میچ میں روسی کھلاڑی آندرے روبلو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ گرینڈ سلام کے فاتح اور ایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ سوئس ا سٹار راجر فیڈرر کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-4 سے اپ سیٹ شکست دیکر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ کوارٹر فائنل میچ انکا مقابلہ ہم وطن کھلاڑی ڈینیل مڈویڈیو سے ہوگا۔