نالائق حکومت کا ایک سال مکمل، تمام مضامین میں فیل ہے، مریم اورنگزیب

194

اسلام آباد (صباح نیوز) ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نالائق اور نااہل حکومت کا ایک سال مکمل ہوا اور آپ تمام مضامین میں فیل ہیں، تمام قومی کامیابیوں کو
بد ترین ناکامیوں میں بدل دیا۔ مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عمران صاحب 18 اگست کو اپنی نالائقی اور نااہلی پر جھوٹ کا عالمی ریکارڈ بنائیں گے، ایک سال میں کتنے انڈے، کٹے اور مرغیاں بانٹی ہیں؟ ایک سال ہو گیا عوام روٹی کی جگہ بھوک اور مہنگائی کی تبدیلی کھا رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا عمران صاحب آپ نے تو ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھر دینے تھے؟ آپ نے تو روٹی، کاروبار اور روزگار بھی چھین لیا۔ ایک سال میں صرف آپ کا محل پکا ہوا اور آئی ایم ایف کی ٹیم کو نوکری ملی ہے۔ لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک سال میں 45لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے اور 15 لاکھ بے روزگار ہوگئے ہیں، ایک سال میں روپے کی قیمت میں 33 فیصد تاریخی کمی سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوا آپ کی نالائقی نے ایک سال میں ملک کی ترقی 6 سے3 فیصد اور مہنگائی کی شرح 3 فیصدسے 10 فیصد کردی ہے۔ ایک سال میں ٹیکس وصولی میں 600 ارب کا تاریخی خسارہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان خطے کے سستے ترین ملک سے دوسرا مہنگا ترین ملک بن گیاہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ ایک سال میں آپ نے 73 سالہ تاریخ میں 7ہزار ارب قرض اضافہ کرکے نااہلی کا نیا ریکارڈ قائم کیا، ایک سال میں گیس کے نرخوں میں 200فیصد اور بجلی کی قیمت میں 35فیصد اضافہ کیاگیا جبکہ بیرون ملک سرمایہ کاری میں 50فیصد کمی ہوئی جو 10سال کی کم ترین سطح پر ہے۔
مریم اورنگزیب