وزیر خارجہ کی زیر صدارت وزیر اعظم کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس

344

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارتِ خارجہ میں وزیر اعظم کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس ہوا،اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدام اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے سیکورٹی کونسل کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس اور اس کے ثمرات کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی۔ اجلاس میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، چیرمین قائمہ کمیٹی قومی اسمبلی برائے امور خارجہ مشاہد حسین سید، چیئرمین سینٹ کمیٹی برائے امور خارجہ سید فخر امام ، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین، سید نوید قمر ،ممبران خصوصی کمیٹی ،اٹارنی جنرل آف پاکستان سول و عسکری قیادت شریک ہوئی۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں منعقد ہونے والے نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں اس کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا۔