کوئٹہ ،گلگت ،ڈی آئی خان مختلف حادثات و واقعات میں 10 افراد جاں بحق

182

کوئٹہ، گلگت، ڈیرہ اسماعیل خان (آئی این پی، اے پی پی) صوبہ بلوچستان کے شہر حب میں تیز رفتار اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جمعرات کے روز بلوچستان میں حب کے علاقے گڈانی موڑ کے قریب تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ گلگت میں دو مختلف حادثات میں دو خواتین سمیت کل 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ پہلا حادثہ گلگت کے نواحی گاؤں حراموش میں پیش آیا جہاں پر سواریوں سے بھری گاڑی معلق پل کا رسہ ٹوٹنے کی وجہ سے دریا میں گر گئی اس دوران تین افراد پانی میں بہہ گئے۔ دریا میں بہہ جانے والوں میں مشرف حسین ولد مسرت حسین، سمیع ولد انور حسین، فرقان علی والد شکور جان ساکنان ہراموش شامل ہیں جو تاحال لاپتا ہیں۔ دوسرا حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاھکوچ سے راولپنڈی جانے والی بس عالم برج کے قریب الٹ گئی جس کی وجہ سے دو خواتین موقع پر جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال گلگت منتقل کردیا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد قتل، مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں، پولیس نے قتل کے واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرلیے۔ تھانہ کینٹ کی حدود میں اقبال فیملی پارک بند دھپانوالہ کے قریب مسلح ملزم نے خواتین کے تنازع پر پستول کی فائرنگ کرکے بیس سالہ نوجوان حضرت اللہ مروت ولد رحمت اللہ سکنہ محلہ الٰہی آباد ٹانک کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ کینٹ پولیس نے مقتول کے بھائی رحمت اللہ مروت کی رپورٹ پر ملزم مدال عرف مدابی ولد سراج الدین قوم بھٹنی سکنہ ہین کچھ ٹانک کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق قتل کے دوسرے واقعہ میں پنیالہ کے علاقے تالگی میں گورنمنٹ مڈل اسکول کے قریب خواتین کے تنازع پر مسلح ملزمان معتبر، سیف اللہ اور اکرم اقوام ڈھیڈی سکنائے تالگی نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 33 سالہ عزیز اللہ ولد بلوچ خان سکنہ تالگی کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پنیالہ پولیس نے مقتول کے بھائی غلام محمد عرف خان کی رپورٹ پر تینوں ملزمان کیخلاف قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ پنڈی بھٹیاں میں سی آئی اے نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی شراب کی فیکٹری پر چھاپہ مار کر شراب تیار کرنے والے 4 رکنی گروہ کے 3 ملزمان گرفتار کرلیے۔ اس موقع پر ڈی پی او حافظ آباد ساجد کیانی نے اے پی پی کو بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 2675 بوتل جعلی شراب جس میں 1000 بوتل تیار شدہ جعلی شراب اور 1675 بوتل پونڈہ شراب شامل ہے، برآمد کی۔ نوشہرہ ورکاں کے نواحی گاؤں بیگ پور میں بچوں کی معمولی لڑائی پر بہنوئی نے فائرنگ کرکے سالے کو شدید زخمی کردیا۔ فاروق آباد کا رہائشی عمر نامی شخص بیگ پور میں اپنے سسرال آیا تھا کہ بچوں کی معمولی لڑائی پر فائرنگ کرکے سالے مصطفی کو شدید زخمی کردیا۔ فرار ہونے پر اہل علاقہ نے پکڑنے کی کوشش کی جس پر عمر نے مزید فائرنگ کرکے اورنگزیب نامی شخص کو بھی زخمی کردیا تاہم اہل علاقہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ مصطفی کو تشویشناک حالت میں گوجرانوالہ اسپتال داخل کرادیا گیا۔