لاڑکانہ، کچے میں محکمہ جنگلات کی زرعی زمین کے سروے کا فیصلہ

138

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ نے رینج کے پانچوں اضلاع میں غیر فعال ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس بیورو کو فعال کرنے سمیت رینج کے کچے کے علاقوں میں قائم محکمہ جنگلات کی زرعی زمین کے سروے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ نے بتایا کہ لاڑکانہ رینج کے پانچوں اضلاع لاڑکانہ، قنبر شہداد کوٹ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور کندھ کوٹ میں گزشتہ کئی سال سے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس بیورو غیر فعال تھا، جسے فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف بروقت کارروائی کی جاسکی۔ انہوں نے بتایا کہ رینج کے پانچوں اضلاع دریائے سندھ کے قریب کچے کے علاقے میں محکمہ جنگلات کی زرعی زمین پر بااثر افراد کا قبضہ ہے، جس کا سروے کرکے حکومت سندھ کو رپورٹ ارسال کرنے کے بعد سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لاڑکانہ میں قائم ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس بیورو دفتر کو پولیس فیسلیٹیشن میں منتقل کرکے وہاں سے فیسلیٹیشن کو کسی اور مقام پر منتقل کریں گے جبکہ میڈیا کے لیے ایک خصوصی سیل بھی قائم کیا جا رہا ہے تاکہ معلومات کے ذرائع کو آسان بنایا جاسکے۔