وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پچاس سال بعد سلامتی کونسل کا مسئلہ کشمیر پر اجلاس طلب کرنا پاکستان کی سفارتی فتح ہے،اس مسئلے پر روس نے بھی ہمارے کے مطالبے کی حمایت و تاہید کی ہے،عالمی برادری ہندوستانی وزیر اعظم مودی کے غیر قانونی اور کشمیری عوام کی امنگوں کے منافی یکطرفہ اقدام کانوٹس لے رہی ہے۔سماجی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ تنازع کشمیر پر سلامتی کونسل کی جانب سے اجلاس طلب کرنا بھارت کے اس دعوے کی نفی اور اس پر کاری ضرب ہے کہ کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہناتھا کہ ہٹلر نے ایک نسل کو جس طرح اپنے ظلم اور سفاکیت کی بھینٹ چڑھایا اور مظالم کے پہاڑ توڑے،اسی طرح مودی کشمیری عوام کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے۔مودی اپنے سیاہ کارناموں سے ان عزائم کی تکمیل چاہتا ہے جس کی ابتداگجرات میں مسلمانوں کے قتل عام سے کی گئی تھی۔