اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہمارا جینا مرنا کشمیریوں کے ساتھ ہے، تقریریں، قراردادیں اور تصویریں نہیں بلکہ عملی مدد کرنے کا وقت آگیا ہے، بھارت نے جوکرنا تھا کر لیا، مقبوضہ وادی میں فوجیں اتار کر غاصبانہ قبضہ کر لیا گیا ہے، ڈیڑھ کروڑ مسلمانوں کی زندگی اور موت کو یکجا کر دیا ہے۔ بدھ کے روز 3 روزہ دورے پر لندن روانگی سے قبل ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی نے جو حرکت کی ہے اسے مہنگی پڑے گی، خطے کے ممالک اور اس میں بسنے والے عوام کی زندگیوں کو دائو پر لگا دیا ہے، بین الاقوامی ممالک کے سربراہان فوری طور پر مداخلت کریں اور مودی کو اس گھٹیا حرکت سے روکیں ایسا نہ ہو کہیں دیر ہو جائے۔ شیخ رشید نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں جس دن کرفیو ختم ہوگا تب پتا چلے گا کشمیری کس جوش اور ولولے سے نکلتے ہیں ہم نے کیا کرنا ہے یہ ہماری قومی ذمے داری ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ لارڈ نذیر کی دعوت پر 3 دن کے لیے لندن جارہا ہوں جہاں پر 3 جلسے کروں گا اور وطن واپسی پر آزاد کشمیر جائوں گا۔ تتہ پانی، راجوڑی، راولاٹ اور مظفر آباد یہ میرے اپنے علاقے ہیں ان کا دورہ کروں گا اور کشمیر کی آواز بھر پور انداز میں اٹھائوں گا۔ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پورا پاکستان آپ کے ساتھ ہے ہم آپ کو اکیلے نہیں چھوڑیں گے۔ ہمارا جینا مرنا آپ کے ساتھ ہے ہم تقریروں، قراردادوں اور تصویروں پر نہیں جائیں گے اب ہم عملی مدد کریں گے۔