جیل خانہ جات کا لاڑکانہ جیل کا دورہ ، قیدیوں کے مسائل سے آگاہی

211

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کا میئر لاڑکانہ خیر محمد شیخ کے ہمراہ عید کے دوسرے روز سینٹرل جیل لاڑکانہ کا دورہ، سینٹرل جیل کی بیرکس، کینٹین، اسپتال وارڈ کا جائزہ لینے کے علاوہ قیدیوں سے مسائل کے متعلق آگاہی حاصل کی، جیل سپرنٹنڈنٹ ممتاز اعوان نے زبوں حال واچ ٹاورز، سرچ لائٹس سمیت اسپتال میں ڈاکٹرز اور عملے کی کمی کے متعلق آگاہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر سندھ اعجاز جاکھرانی کا کہنا تھا کہ کراچی، حیدرآباد اور سکھر سینٹرل جیل میں خطرناک قیدی موجود ہیں، جہاں جیمرز کے ساتھ سیکورٹی انتہائی سخت ہے، سندھ اسمبلی نے پریژن بل 2219ء پاس کیا ہے جس کے مطابق قیدیوں کو مزید سہولیات دیں گے، اب جیل ٹارچر سیل نہیں اصلاحی سینٹر ہوںگے۔ انہوں نے بتایا کہ سینٹرل جیل لاڑکانہ میں 1 ہزار 60 قیدی موجود ہیں، بلڈ اسکریننگ میں 2 سو قیدیوں کو مختلف امراض ہیں، 3 ایچ آئی وی پازیٹو سمیت متعدد ہیپاٹائٹس بی سی کے مریض قیدیوں کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا جا رہا ہے، جیلوں سے کرپشن کا خاتمہ کر رہے ہیں، لانڈھی جیل سے سزا پوری کرنے والے 35 قیدیوں کو جرمانے کی رقم نہ ہونے پر رقم ادا کر کے آزاد کیا گیا ہے، جیلوں میں کاراٹین سیل کا بھی خاتمہ کیا گیا ہے، اگر اب کہیں دکھائی دیے تو ذمے دار جیل سپرنٹنڈنٹ ہوگا، جیل پولیس کی تنخواہیں جلد بڑھا دی جائیں گی جبکہ جیلوں کے لیے آئندہ ڈاکٹرز بھی اب محکمہ جیل خانہ جات بھرتی کرے گا۔