لاڑکانہ ،جشن آزادی،پاک فوج اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے ریلی

157

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) یوم جشن آزادی، پاک فوج اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے، لاڑکانہ میں نیشنل پیس کونسل پاکستان، محکمہ پولیس، میونسپل کارپوریشن اور سیاسی سماجی رہنمائوں کی جانب سے الگ الگ ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ شرکا نے کشمیر بنے کا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل پیس کونسل پاکستان کے مرکزی چیئرمین چودھری غلام مرتضی انصاری کی ہدایات پر ضلعی چیئرمین عاشق پٹھان اور صوبائی رہنما ارجمند خان کی رہنمائی میں ریلی نکالی گئی جبکہ محکمہ پولیس، میونسپل کارپوریشن اور سیاسی سماجی رہنمائوں کی جانب سے بھی مقبوضہ کشمیر کی عوام اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور بھاتی فوج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر ساتھ غیر انسانی کرفیو عائد کرنے کے خلاف الگ ریلی کا انعقاد کیا گیا محکمہ پولیس اور میونسپل کارپوریشن کی ریلی کی سربراہی ایس ایس پی مسعود بنگش اور میئر خیر محمد شیخ نے کی۔ ریلیاں مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی جناح باغ چوک پہنچیں ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھام کر پاک فوج اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر چیئرمین نیشنل پیس کونسل عاشق پٹھان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی مظالم پرعالمی برادری کو مظلوموں کے حق میں آواز اٹھانا چاہیے بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے نفاذ کے بعد مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے مطالبے نے دنیا بھر میں مزید زور پکڑ لیا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی سوز واقعات کے باعث خواتین کی عزت و آبرو اور نوجوانوں کی زندگیاں غیرمحفوظ ہیں مقبوضہ کشمیرکی عوام 70 سالوں سے حق خود ارادیت کی جدوجہد کر رہی ہے، عالم اسلام بھی یکجا ہو کر آواز اٹھائے۔ میئر لاڑکانہ خیر محمد شیخ، لیبر رہنما محمود پٹھان، لالا ارجمند خان ، کلیم درانی، شیراز محمود، شہزاد علی، آفتاب انصاری، عبدالفتاح اوڈھو، محمد علی شیخ، وحید قریشی، اسلم راجپوت، یوسف شیخ، ذوالفقار مگسی، عزیز کھاوڑ، شاہ محمد لاشاری، سلامت ابڑو، نصیر کھاوڑ، عمیر پٹھان، ڈاکٹر لکھمیرچند، جمع خان، منصور ابڑو، لالا جاگیرانی، رجب علی بروہی، زین پٹھان اور فیصل کلہوڑو کا کہنا تھاکہ عالمی ممالک یونائیٹڈ نیشن، او آئی سی اپنی رٹ قائم کروائیں اور بھارتی مظالم بند کروا کر مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ختم کروایا جائے تاہم پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور عوام پاکستان افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔