سکھر(نمائندہ جسارت) ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی عیدالاضحی پیر کے روز مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی گئی، دن کا آغاز نماز فجر کے وقت اللہ عزو جل کی عظمت وکبریائی کے اظہار کیلیے باآواز بلند پڑھی جانیوالی تلبیہ اور تسبیحات پڑھنے کے اہتمام سے کیا گیا، اور حسب روایت جوش و جذبے کیساتھ بچوں بڑوں نے نئے ملبوسات پہن کر عید گاہوں کا رخ کیا۔ضلع بھر میںشہروں دیہاتوں میں لوگوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کے جانور وں کے ذبیحہ کے ذریعے اس عزم کا عملی اظہار کیا کہ وہ اللہ تبارک وتعالیٰ کی رضا و خوشنودی کیلیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں، عید قربان کے موقع پر عید گاہ، مساجد، جناح میونسپل اسٹیڈیم، ریلوے گراؤنڈ، پبلک اسکول ،ملٹری روڈ، مرکزی جامع مسجد، منزل گاہ گراؤنڈ، مرکزی امام بارگاہ سمیت ضلع بھر میں 230 سے زائد مختلف چھوٹے بڑے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ سکھر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی گلشن عید گاہ سکھر میں منعقد ہوا جہاں ڈاکٹر مولانا محمد اسعد تھانوی کی زیر امامت شہر کے ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی،پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ ، پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹراسلام الدین شیخ، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ اور رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ سمیت دیگر ممتاز شخصیات نے مرکزی گلشن عید گاہ میں نماز عید ادا کی۔ نماز عید کے اجتماعات کے خطبات میں ائمہ مساجد و خطبا نے عید قرباں کی مناسبت سے سنت ابراہیمی پر روشنی ڈالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے مذہبی رواداری کی تلقین کی، نماز عید الاضحی کے موقع پر ملکی سلامتی ، استحکام ،ترقی وخوشحالی، مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی ، مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے تحفظ ،بھارتی افواج کے ہاتھو ں شہید ہونیوالے کشمیری عوام کے درجات کی بلندی ، حالیہ بارش متاثرین کی بحالی و مشکلات کے خاتمہ، اورعالم اسلام کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، عید الاضحی کے موقع پر مقامی قبرستانوں میں تمام دن رش رہا،اور لوگوں کی بڑی تعداد نے اپنے پیاروں کے قبروں پر پھولوں ڈالے اور فاتحہ خوانی کر کے اللہ تعالیٰ سے ان کے لیے دعائے مغفرت و رحمت مانگی اور انہیں عید کی اس خوشی و مسرت کے موقع پر یاد کیا، پولیس انتظامیہ کی جانب سے عیدا لاضحی کے موقع پر سیکورٹی کے خصوصی فول پروف انتظامات کیے گئے تھے، عید گاہ ، مساجد امام بارگاہوں اور عید کی نماز کے مقامات پر پولیس کے اہلکارو ں کو تعینات کیا گیا تھا ، عیدالاضحی کے موقع پر صفائی پلان کے مطابق منظم انتظامات کیے گئے تھے ، دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے،میونسپل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے نماز عید کے مذکورہ مقامات سمیت گلی کوچوں محلوں اور قبرستانوں کے اطراف صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس کے انتظامات انتظام کیے گئے ۔ صفائی کے پلان کے مطابق قربانی کے جانوروں کی آلائش کو ٹھکانے لگانے کیلیے سینیٹری عملہ نے بھر پور حصہ لیا، گلی کوچوں سے آلائشیں اٹھاکر ٹھکانے لگانے کیلیے خصوصی گاڑیاں چلائی گئیں ۔