کشمیر زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، اسے آزاد کرانا ہوگا، سراج الحق

395

 

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے قوم کو عیدا لاضحی اور یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی بقا،سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے ،ہمیں وہ عہد و پیمان پورا کرنے کے لیے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے اللہ سے باندھا تھا ۔جب تک قوم اپنے اس عہد کو پورا نہیں کرتی ملک ترقی و
خوشحالی کی منزل کو حاصل کرسکتا ہے نہ قومی وقار اور ملکی خود مختاری کی بحالی اور حقیقی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے ۔بھارت کی مودی حکومت نے اپنے آئین کی دفعہ 370اور 35اے کو ختم کرکے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کردیا ہے اور کشمیر کو بھارت کی مستقل ریاست قرار دے دیا گیا ہے،ظلم و جبر کے اس قانون کے خلاف کشمیری سراپا احتجاج ہیں ،بھارت کی 8 لاکھ فوج نے وادی کشمیر جنت نظیر کا محاصرہ کررکھا ہے اور ایک ہفتے سے کشمیر میں کرفیو نافذ ہے ،شہادت کے متوالے کشمیری بھائیوں نے کرفیو توڑ کر بھارت کے خلاف بڑے بڑے احتجاجی مظاہرے کیے ،چلتی بندوقوں کے سامنے سینہ تان کر پاکستان کے پرچم لہراتے ہوئے نعرے لگاتے ہیںکہ کشمیر بنے گا پاکستان اور بھارت کشمیر سے نکل جا۔ کشمیری پاکستان کی تکمیل کی جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔بانی پاکستان قائد اعظم ؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔پاکستان کی شہ رگ دشمن کے خونی پنجے میں ہے ۔زندہ رہنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم متحد ہوکر اپنی شہ رگ دشمن کے پنجہ استبداد سے آزاد کرائیں ۔کشمیر کا مسئلہ ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ،مسئلہ کشمیر اب حل نہ کیا گیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔اپنی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت کے لیے ہمیں تحریک پاکستان کے جذبے سے اٹھنا ہوگا۔قوم اس عزم اور عہد کا اعادہ کرے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔