سکھر(آئی این پی ) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ نے کہاہے کہ میرے 500ارب روپے کے اثاثوں کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، میری ساکھ اور خدمات کی گواہی پارلیمنٹ اور حلقہ دیتا ہے، 32برس سے بھاری اکثریت سے جیت کر عوام کی عدالت میں سرخرو ہوا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نیب ذرائع سے کیے جانے والے پروپیگنڈے کی کوئی کل سیدھی نہیں، مجھے بتایا جائے ذرائع کیا ہیں تاکہ ان ذرائع کو نوٹس بھیجوں، پروپیگنڈے میں ملوث عناصر
کوچیلنج کرتا ہوں سامنے آ کربات کریں۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 103 اکاؤنٹس میں ٹرانزیکشنز کی باتیں چل رہی ہیں۔ میرے ایسے 3 اکاؤنٹ بھی لے آئیں تو سیاست چھوڑ دوں گا، یہ کیسے نیب ذرائع ہیں جو بس صرف الزام لگانا جانتے ہیں، شخصیت کو داغدارکرنے کی کوشش قبول نہیں کروںگا، پروپیگنڈا کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کروں گا، عمران خان کی انتقامی سیاست کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کیخلاف انتقامی کارروائیوں سے ملک تباہی کے راستے پر ڈال دیا گیا، آپ آج جو بو رہے ہیں آپ کو خود بھی کاٹنا پڑے گا، اس وقت کشمیر کی سنگین صورتحال قومی یکجہتی کی متقاضی ہے، ملک کی بقا و سلامتی کو اپنی ذات اور سیاسی انتقام کی نذر نہ کریں۔
خورشید شاہ