لاہور(نمائندہ جسارت)لاہور کی احتساب عدالت نے اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کو مزید11روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا ۔ اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کوسخت سیکورٹی میں لاہور کی احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ حمزہ شہباز سے تحقیقات جاری ہیں مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے حمزہ شہباز کو21اگست تک مزید 11روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔دوران سماعت عدالتی استفسار پر حمزہ شہباز نے کہا کہ انہیں نیب میں کسی تکلیف کا سامنا نہیں،نیب مجھے‘عدالت اور عوام کوبتائے کہ میں نے کون سی کرپشن کی، میں نے کرپشن نہیں کی اس لیے قیامت تک نیب سے میرا یہ سوال رہے گا۔دوسری جانب شریف فیملی کے لیے منی
لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار 2 ملزمان آفتاب محمود اور شاہد رفیق وعدہ معاف گواہ بن گئے، ملزمان نے جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری کے روبرو بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا کہ تمام ٹرانزیکشنز جعلی کی گئیں،کروڑوں روپے کی ٹیلی گرافک ٹرانزیکشنز شہباز شریف،حمزہ شہباز، نصرت شہبازاور سلمان شہباز کے اکائونٹ میں کرتے رہے۔حمزہ شہباز کی عدالت میںپیشی کے موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
حمزہ ریمانڈ