اسلام آباد (صباح نیوز)پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا پہلا اجلاس19 اگست کو ہو گا‘ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں ہو گا۔ کشمیر پالیسی ، دفاع قومی سلامتی اور خارجہ امور کے معاملات پر پارلیمنٹ کی طرف سے رہنما اصول وضع کیے جائیں گے ‘ بالخصوص بھارت کی طرف سے مسئلہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے خلاف قومی لائحہ عمل اور حکومت پاکستان کے اقدامات اور پالیسی سے متعلق رہنما اصولوں سے حکومت کو آگاہ کیا جائے گا‘ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی میں تمام حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں سے دونوں ایوانوں سے پارلیمانی لیڈرز کو شامل کیا گیا ہے ‘ ان میں اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول زرداری، ایم ایم اے کے پارلیمانی رہنما مولانا اسعد محمود، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی، سینیٹر شیری رحمان، نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل بزنجو، سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر عثمان خان کاکڑ اور دیگر شامل ہیں ۔ وزارت دفاع اور دیگر متعلقہ اداروں کو قومی سلامتی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔
پارلیمانی کمیٹی