پاکستان اور چین نے مسئلہ کشمیر پر فوکل پرسن نامزد کردیے،شاہ محمود قریشی

134

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ہمارے موقف کی تائید کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں بھی اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے،پاکستان اور چین نے مسئلہ کشمیر پر فوکل پرسن نامزد کر دیے،چین نے ہماری امیدوں کے مطابق ردعمل دیا ہے۔دورہ چین سے متعلق نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کا دورہ بروقت اورمفید رہا جس میں چین کے وزیرخارجہ اوردیگراعلیٰ حکام سے ملاقات کی، چینی وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں وکشمیرسے متعلق ہماری معروضات کو توجہ سے سنا پھر چین نے جو رسپانس دیا وہ ہماری توقعات کے عین مطابق ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین کوآگاہ کیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیرکو سیکورٹی کونسل لے جانا چاہتا ہے جس کے لیے سیکورٹی کونسل میں آپ کی مدد درکارہے، چین نے سیکورٹی کونسل میں پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا، چین نے اپنے نیویارک میں نمائندے کو پاکستانی نمائندے سے رابطے کی ہدایت کی جب کہ چین اور پاکستان نے ڈی جی سطح پر ایک ایک فوکل پرسن بھی نامزد کر دیا ہے، چین نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کا لازوال دوست ہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی حکام مقبوضہ کشمیر کو متنازع علاقہ سمجھتے ہیں اور چاہتے ہیں مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع کر دیا گیا ہے، کشمیر میں گزشتہ6روز سے کرفیو نافذ ہے اور اب وہاں لوگوں کے گھروں میں اسٹور کیا گیا کھانا ختم ہونا شروع ہو گیا ہے جو خطرناک صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالات بگڑ رہے ہیں لیکن ہماری سیاسی جماعتیں تقسیم ہیں اور میری سب جماعتوں سے اپیل ہے کشمیر کے معاملے پر یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جلد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اجلاس بلا رہے ہیں،اجلاس میں سابق سیکرٹریز خارجہ کو بھی طلب کریںگے،اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ14اگست کو پاکستان اپنا یوم آزادی منائے گا اور میری عوام سے اپیل ہے کہ وہ پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ ساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی لہرائیں تاکہ کشمیریوں کو یکجہتی کا پیغام جائے ۔انہوں نے کہا کہ15اگست کو بھارت کے یوم آزادی پر ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی