والی بال کھلاڑیوں کی بہترین کھیپ تیار کررہے ہیں،پرویز شیخ

285

حیدرآباد(جسارت نیوز  )پاکستان میں والی بال کھیل کو بام عروج پر پہنچانے میں فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب کا کردار مثالی ہے کہ جنکی انتھک محنت اور مثبت منصوبہ بندیوں کی بدولت پاکستان کی ٹیم ایشیا میں اپنی کارکردگی بہتر سے بہتر کرتی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہارحیدرآباد ڈویژنل والی بال ایسوسی ایشن و حیدرآباد اولمپک اسپورٹس کمیٹی کے سیکریٹری اور معروف میڈیا کووآرڈینیٹر پرویز احمد شیخ نے پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب سے بات چیت میں کہی۔ انہوں نے میانمر میں ایشین انڈر 23 ٹیم کی شاندار کارکردگی اور سیمی فائنل میں رسائی پر قومی ہیروز کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے چودھری محمد یعقوب کے وژن کا مرہون منت قرار دیا کہ وہ یوتھ اور گراس روٹ لیول پر مختلف غیرملکی ماہر کوچز کی خدمات حاصل کرکے والی بال کو نہ صرف بام عروج پر پہنچا رہے ہیں بلکہ مستقبل قریب میں سینئر قومی ٹیم کو فیڈبیک دینے کے لیے بہترین کھیپ تیار کررہے ہیں۔ چودھری محمدیعقوب نے پرویزاحمد شیخ سمیت نیک خواہشات رکھنے والوں اور اہلیان پاکستان و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا کہ جو ہماری ٹیم کی عمدہ کارکردگی پر نیک تمنائوں کا اظہار کرکے ہماری حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔انہوں نے خصوصی طور پر پاکستان کے پرنٹ، الیکٹرانک و سوشل میڈیا کے نمائندوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ جنکی بدولت پاکستان کی کارکردگی ملک اور دنیا کے کونے کونے پر دیکھی اور پڑھی جارہی ہے۔ایشین انڈر 23 والی بال چیمپیئن شپ میں پاکستان ٹیم نے قطر، بحرین،چائنیز تائی پے،سریلنکا اور قازقستان کے خلاف کامیابیاں حاصل کیںاور سیمی فائنل میں بھارت کو چت کرنے کے لیئے پرامید ہیں اور پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوھدری محمد یعقوب میانمار میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے ساتھ موجود ہیں۔