لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاڑکانہ نے بارش کے بعد شہر کے مختلف مقامات اور سرکاری اسپتالوں کا اچانک دورہ کیا۔ میئر لاڑکانہ کے فون بند ہونے سمیت اسپتالوں میں سہولتوں کے فقدان اور مریضوں کی شکایات پر برہمی کا اظہار کیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاڑکانہ اقبال حسین نے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب بارش سے شہر کے نشیبی اور مرکزی شاہراہیں زیر آب آنے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں سمیت چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال کے شعبہ حادثات، چانڈکا سول اور ٹیچنگ اسپتالوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر میئر لاڑکانہ خیر محمد شیخ کو فون کیا گیا تاہم ان کا نمبر تھا، اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی جانب سے ادویات نا ملنے سمیت سہولتوں کے فقدان اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی شکایات کی گئیں، جس پر سیشن جج کی جانب سے بلدیہ عظمیٰ اور اسپتال انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔ اسپتال میں موجود مریضوں اور تیمار داروں کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں طویل لوڈشیڈنگ معمول ہے، جس سے شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے، یہاں تک کہ مریضوں کے شیڈولڈ آپریشن تاخیر کا شکار ہورہے ہیں۔ سیشن جج کی جانب سے اسپتال انتظامیہ کو مریضوں کے مسائل فوری حل کرنے اور انتظامات بہتر کرنے کی ہدایات دی گئیں جبکہ لوڈ شیڈنگ کے متعلق سیپکو انتظامیہ سے بھی بات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔