نوابشاہ، جسقم کے 6 کارکنان قومی دھارے میں شامل، پارٹی سے لا تعلقی کا اظہار

121

نوابشاہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جئے سندھ قومی محاذ (جسقم) نوشہرو فیروز کے ضلعی صدر 6 ساتھیوں سمیت پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہوگئے۔ قومی دھارے میں شامل ہونے والوں میں عبدالہادی عمرانی، زاہد عمرانی، ذاکر عمرانی، عبدالجبار و دیگر شامل ہیں۔ جسقم کے قومی دھارے میں شامل ہونے والے کارکنوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اس سلسلے میں نوشہرو فیروز کے سابق ضلعی صدر امام بخش عمرانی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کی ہم کئی سال سے قوم جسقم میں کام کررہے تھے، جسقم میں رہ کر نوجوان نسل نے صرف اپنی زندگیاں اور تعلیم کو تباہ کیا ہے۔ اس موقع پر عاشر راجپر کا کہنا تھا کہ ہمارے بڑوں نے پاکستان کی خاطر جانوں کی قربانیاں دی ہیں، اب ہم بھی اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلیں گے۔ ہم تعلیم یافتہ نوجوان ہیں پاکستان کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ ہمارا اب جسقم یا جساف سمیت کسی بھی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔