مریم نواز کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ رانا ثناء اللہ کا داماد بھی گرفتار،لیگی کارکنوں اور پولیس میں تصادم

170

لاہور (نمائندہ جسارت) احتساب عدالت لاہورنے چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتارسابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا۔ احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی۔ جمعے کے روز مریم نواز اور ان کے چچا زاد بھائی یوسف عباس کوسخت سیکورٹی میں احتساب عدالت میںپیش کیا گیا۔ مریم نواز کے کمرہ عدالت پیش ہوتے ہی وکلانے شدید نعرے بازی کی ‘ شور شرابہ کرنے اور سیلفیاں لینے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہارکیا۔ عدالت نے لیگی وکلا کو تنبیہ کی کہ آپ لوگ تمیز کا مظاہرہ کریں‘ کمرہ عدالت کو اکھاڑا مت بنائیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے مریم نواز اور یوسف عباس کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈکی استدعا کی۔ ان کا کہنا تھا مریم نواز 1992ء سے 1997ء تک چودھری شوگر ملز کی ڈائریکٹر رہیں‘ 84 لاکھ کے شیئرز بڑھ کر 41 کروڑ کے ہو گئے‘ شیئرز کی خریداری کی رقم کے بارے میں معلومات نہیں دے رہیں۔ مریم نواز کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔ تاہم عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر21 اگست تک نیب کے حوالے کردیا۔ قبل ازیں نیب ٹیم نے گرفتار مریم نواز اور یوسف عباس کو احتساب عدالت لاہور پہنچا یاتو اس موقع پر لیگی کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تصادم ہو گیا‘ لیگی کارکنوں نے پولیس پر پتھرائو کیا، ایک پولیس اہلکار کا سر پتھر لگنے سے پھٹ گیا‘ پولیس نے کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا ۔ لیگی خواتین کارکنوں اور پولیس میں
تکرار بھی ہوئی۔ دوسری جانب عدالت نے رمضان شوگرملزکیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12روز کی توسیع کردی۔ اسی کیس میں عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں لاہور کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں زیر حراست سابق وزیر قانون و ممبر قومی اسمبلی رانا نثا اللہ اور دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15روز کی توسیع کرتے ہوئے 24اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایاکہ ملزمان کا چالان مکمل کر لیا ہے‘ کیمیکل ایگزیمینیشن رپورٹ کا انتظار ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسرکو سی سی ٹی وی فوٹیج پیش کرنے کا حکم دیا۔ جبکہ رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کے داماد رانا شہریار کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے‘ ان کی گرفتاری عدالت کے احاطے میں فیصل آباد ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کے ہاتھوں اس وقت ہوئی جب وہ اپنے سسر رانا ثناء اللہ سے ملاقات کے لیے اینٹی نارکوٹکس کی عدالت میں پہنچے۔ پولیس حکام کے مطابق رانا شہریار کی گرفتاری فیصل آباد کے ایک رہائشی آفتاب بٹ کے قتل کے مقدمے میں عمل میں آئی ہے ۔