گڈو کے مقام پر درمیانے اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب

368

سکھر (نمائندہ جسارت) دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ، گڈو کے مقام پر درمیانے اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب، کچے کا ایک بڑا علاقہ زیر آب آگیا، مکینوں نے نقل مکانی شروع کردی ، آئندہ چند دنوں کے دوران پانی کی سطح مزید بڑھے گی۔ آبپاشی ذرائع کے مطابق ملک میں جاری بارشوں کے سلسلے کے بعد سیلابی ریلے دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراجوں پر بھی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے دریائے سندھ میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہورہی ہے اور اس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کئی ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا ہے اور گڈو کے مقام پر درمیانے اور سکھر کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورت حال ہے۔ سیلاب کے باعث دونوں بیراجوں کے درمیان واقع کچے کے کئی دیہات زیر آب آگئے ہیں اور سطح آب مزید بڑھنے کے بعد اب وہاں سے لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کردی ہے۔ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 80 ہزار 487 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 58 ہزار 029 کیوسک، سکھر بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 15 ہزار 084 اور اخراج 2 لاکھ 82 ہزار 664 کیوسک کوٹری بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج یکساں 98 ہزار 233 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آبپاشی ذرائع کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں آئندہ چند دنوں کے دوران مزید اضافے کا امکان ہے، جس سے کچے کا مزید علاقہ زیرآب آنے اور حفاظتی بندوں پر پانی کا دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔