سندھ میں سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری

839
سکھر بیراج سے پانی کا ریلہ گزر رہا ہے

دریائے سندھ میں طغیانی مسلسل بڑھنے سے سندھ میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے سندھ نے سیلاب الرٹ جاری کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے 15اضلاع میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ دریائے سندھ اور نہروں میں پانی کی سطح بلند ہورہی ہے، جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔ یہ سطح اگر مزید بلند ہوتی ہے تو اس سے کچے کے علاقوں میں نقصان ہوسکتا ہے۔

کوٹری بیراج پر پانی کی سطح بلند ہورہی ہے

 

دریائے سندھ میں گڈوبیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے،پانی کی سطح 3لاکھ اٹھہتر ہزار کیوسک ہے جبکہ سکھر بیراج پر دریائے سندھ میں پانی کا اخراج تقریباََ تین لاکھ کیوسک ہے۔ دریائے سندھ میں کوٹری کےمقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ پانی کا بہاؤایک لاکھ نو ہزار کیوسک ہے۔ سندھ میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر سکھر بیراج سے نکلنے والی نہروں پر پانی کی فراہمی کم کردی گئی ہے۔