مفتاح اسماعیل کا 11 دن کا ریمانڈ زرداری کے ریمانڈ میں 8 روز کی توسیع

144

اسلام آباد(آن لائن)احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں ن لیگ کے رہنما اور سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل، سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کے ریمانڈ میں 11روز جبکہ جعلی اکائونٹس کیس میں آصف علی زرداری کے ریمانڈ میں 8روز کی توسیع کی منظوری دے دی ۔ایل این جی کیس میں گرفتار مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جسمانی ریمانڈ لینے کے لیے پیش کیاگیا۔ احتساب عدالت کے جج طاہر محمود نے نیب سے استفسار کیا کہ مفتاح اسماعیل کو کیوں گرفتارکیا ہے؟عدالت نے دونوں ملزمان کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔عدالت کی جانب سے نیب کو مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کو 19 اگست کو دوبارہ عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔عدالت میں پیشی کے موقع پر ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مفتاح اسماعیل سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایل این جی کیس میں ضمانت کی درخواست مسترد ہونے پر نیب نے سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کو کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔علاوہ ازیںجعلی بینک اکائونٹس کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو تبایا کہ تفتیش کے دوران بہت سی نئی چیزیں سامنے آئی ہیں۔جج نے استفسار کیا کہ جو کچھ آپ کہہ رہے ہیں کیا آپ نے یہ سب کچھ ڈائری میں لکھا ہے؟تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ اصل دستاویزات اور مہریں برآمد کی ہیں۔تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ آصف علی زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 8 روز کی توسیع کی جائے۔انہوں نے سابق صدر کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا بھی کی۔آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ریمانڈ میں توسیع کرنا ہے تو کر دیں، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔عدالت نے زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 8 دن کی توسیع کرتے ہوئے نیب کو انہیں 16 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کاحکم دیا۔