لاہور (نمائندہ جسارت) انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالہ نے حافظ محمد سعید کیس گجرات منتقل کر دیا ہے۔ بد ھ کے دن جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سی ٹی ڈی کی جانب سے چالان پیش کیا گیا جس پر گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 2 کے جج ظفر اقبال نے یہ کیس منڈی بہاالدین کا مقدمہ ہونے کی وجہ سے اسے گجرات اے ٹی سی عدالت بھیج دیا ۔ واضح رہے کہ حافظ محمد سعید کو سی ٹی ڈی نے17جولائی کو لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے اس وقت گرفتار کر لیا تھا جب وہ دہشت گردی کے مقدمے میں قبل از ضمانت گرفتاری کے لیے جارہے تھے۔ سی ٹی ڈی کی درخواست پر گوجرانوالہ کی عدالت نے حافظ محمد سعید کا پہلے 7 دن اور پھر 14 دن کا ریمانڈ دیا تھا،کیس کی سماعت اب گجرات کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہو گی۔